عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
GRN عالمی ریلوے نیٹ ورک
عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
GRN عالمی ریلوے نیٹ ورک

نیٹ ورک بحیثیتِ مثال و نمونہ

عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
راوی کی زبانی،
0:00

اب تک ہم عالمی ریلوے نیٹ ورک کا متعدد زاویوں سے جائزہ لے چکے ہیں: ایک انجینئرنگ کے ڈھانچے، ایک معاشی نظام اور ایک نظامِ حکمرانی کے طور پر۔ لیکن شاید اس کا سب سے اہم پہلو وہ ہے جو کسی نقشے یا جدول کی گرفت میں نہیں آ سکتا؛ یعنی یہ کہ یہ نیٹ ورک عملی طور پر ایک نمونے اور اپنے آپ میں ایک مثال کی صورت اختیار کر لیتا ہے یہ نیٹ ورک ایک ایسی دنیا کی عملی مثال بن جاتا ہے، جس کا وجود حقیقت میں ممکن ہے۔"

انسان ہمیشہ سے لمبی آرزو کی بات کرتا آیا ہے: انصاف، مساوات، باہمی احترام اور زمین کی نگہداشت۔ لیکن یہ آرزو اکثر بیانات اور تقریروں تک ہی محدود رہے ہیں اور کم ہی ایسا ہوا ہے کہ انہیں حقیقتِ میں عملی روپ ملا ہو۔

اس نیٹ ورک کا امتیاز یہ ہے کہ یہ آرزوو کو محض کاغذ پر نہیں، بلکہ فولاد و کنکریٹ میں اور لاکھوں انسانوں کے روزمرہ کے زندگی میں عملی طور پر لاتا ہے۔ اور جس چیز کو لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور اپنے وجود سے محسوس کریں،

اور اس کا تجربہ کریں وہ کسی بھی بیان یا اعلامیے سے کہیں زیادہ مؤثر اور طاقت ور ہوتی ہے۔

معیار اور عمدگی کے لیے ایک نمونہ

اس نمونے کا پہلا پہلو فنی ہے۔ اگر یہ نیٹ ورک دنیا کے اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق تعمیر کیا جائے—خواہ معاملہ حفاظت کا ہو، ٹیکنالوجی کا، دیکھ بھال کا، یا اوقاتِ کار کی پابندی اور وقت کی درستگی کا—تو یہ خود ایک ایسا معیار بن جائے گا جس کی بنیاد پر دوسرے نظاموں کو پرکھا جا سکے گا۔

جس ملک میں اس نیٹ ورک کا کوئی حصہ تعمیر ہوگا، وہاں کے انجینئر جدید اور اعلیٰ فنی معیارات کے مطابق کام کرنا سیکھیں گے، مقامی صنعت بھی انہی تقاضوں کے مطابق خود کو بہتر بنائے گی، اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ معیار ملک کے بنیادی ڈھانچے کے دوسرے شعبوں میں بھی رائج ہوتا جائے گا۔

یہ ایک معروف حقیقت ہے کہ معیار خوشبو کی طرح پھیلتا ہے۔ جہاں لوگوں کو ایک بار اعلیٰ درجے کی خدمت کا تجربہ ہو جائے، وہاں وہ دوبارہ کم تر معیار پر راضی نہیں ہوتے، بلکہ زندگی کے دوسرے شعبوں میں بھی اسی معیار کی توقع کرنے لگتے ہیں۔ یہ نیٹ ورک کسی پر کچھ مسلط کیے بغیر قوموں کے معیارِ توقع کو بلند کرے گا اور ان کے اندر تخلیقی صلاحیت کو بیدار کرے گا۔

آسودگی اور انسانی وقار کے لیے ایک نمونہ

دوسرا پہلو انسانی ہے۔ اس نیٹ ورک میں بزرگ، بچے، معذور افراد اور کم استطاعت مسافر بھی اسی وقار کے ساتھ سفر کریں گے جس کے ساتھ صاحبِ ثروت اور صحت مند مسافر سفر کرتے ہیں۔ دور دراز اسٹیشنوں پر بھی صحت اور طبی سہولتوں کو اتنی ہی سنجیدگی سے لیا جائے گا جتنی دارالحکومتوں میں۔ پریشان حال مسافر کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائے گا، اور کسی شخص کو محض اس کی غربت یا قومیت کی وجہ سے کم تر خدمت فراہم نہیں کی جائے گی۔ یہی مساوات رفتہ رفتہ تمام قوموں اور ملکوں کی مشترکہ اور متوازن ترقی کی بنیاد بنے گی۔

یہاں بھی عملی تجربہ ہر وعظ سے زیادہ مؤثر ثابت ہوگا۔ جو شخص ایک بار ایسے ماحول میں سفر کرے گا اور اپنی آنکھوں سے دیکھے گا کہ مساوی احترام کیا ہوتا ہے، وہ اس تجربے کو اپنے شہر، اپنے محلے اور اپنے گھر تک لے جائے گا۔ اور جب قومیں دیکھیں گی کہ ایسا معاشرہ حقیقت میں قائم کیا جا سکتا ہے، تو وہ خود سے سوال کریں گی: ہماری اپنی زندگی بھی ایسی کیوں نہ ہو؟

یہ سوال بذاتِ خود تبدیلی کی ابتدا ہے۔ اور یہی وہ مقام ہے جہاں قومیں منصوبہ بندی اور صنعتی ترقی کے طریقے سیکھنا شروع کرتی ہیں—محض اندھی تقلید کے ذریعے نہیں، بلکہ بیدار انسانی شعور اور حکمتِ الٰہی کی رہنمائی میں۔

تہذیبوں کے باہمی احترام کے لیے ایک نمونہ

تیسرا پہلو شاید سب سے زیادہ لطیف ہے۔ دنیا میں شاید ہی کوئی اور جگہ ایسی ہو جہاں اتنی مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے اتنے زیادہ انسان روزمرہ زندگی میں ایک مشترکہ ماحول کے اندر ایک دوسرے کے ساتھ رہتے اور سفر کرتے ہوں۔

ایسے اسٹیشن، جن کی تعمیر میں اپنے اپنے خطے کی شناخت جھلکتی ہو؛ ایسے کھانے، جو ہر علاقے کے ذائقے کو سفر کے دوران مسافر کی میز تک پہنچاتے ہوں؛ ایسی معلومات، جو کئی زبانوں میں دستیاب ہوں؛ اور ایسے مسافر، جو ایک دوسرے کے رسم و رواج کا احترام کرنا سیکھ چکے ہوں—یہ سب مل کر باہم رہنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی ایک زندہ مشق بن جاتے ہیں۔

آج کی دنیا میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو ’’دوسرے‘‘ کو صرف خبروں اور پہلے سے قائم تصورات کے پردے میں دیکھتے ہیں۔ یہ نیٹ ورک اس ’’دوسرے‘‘ کو اسکرین کے پیچھے سے نکال کر مسافر کی ساتھ والی نشست پر لا بٹھاتا ہے۔ اور شاید کوئی چیز اس سادہ اور انسانی ملاقات سے بڑھ کر دیواریں گرانے میں مؤثر نہ ہو۔

زمین کے احترام کے لیے ایک نمونہ

چوتھا پہلو فطرت کے ساتھ ہمارے تعلق سے ہے۔ ایسا نیٹ ورک جو ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے چلایا جائے، سورج اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی سے فائدہ اٹھائے، جس کے پل جنگلی حیات کی گزرگاہوں میں رکاوٹ نہ بنیں اور جس کے راستے حساس قدرتی مساکن سے دور رکھے جائیں، یہ ثابت کر سکتا ہے کہ ترقی اور زمین کی حفاظت ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔

اس صدی میں، جب انسان اپنی بے احتیاطیوں کے نتائج کا سامنا کر رہا ہے، اس پیغام کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ اس نیٹ ورک کا ہر وہ حصہ جو فطرت کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا، اس سوال کا ایک عملی جواب ہوگا: کیا بڑی تعمیرات اس طرح بھی ممکن ہیں کہ تباہی کا سبب نہ بنیں؟

منصفانہ حکمرانی کے لیے ایک نمونہ

اور پانچواں پہلو شاید سب سے زیادہ دیرپا ثابت ہو۔ اگر عالمی ریل کنسورشیم درست اصولوں کے ساتھ کام کرے—یعنی ایک ملک، ایک ووٹ کے اصول پر، مکمل شفافیت کے ساتھ، اختلافات کے غیر جانب دارانہ فیصلے کے ذریعے اور منافع کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ—تو یہ ایک ایسی زندہ تجربہ گاہ بن سکتا ہے جو دنیا کو دکھائے کہ کسی عالمی اثاثے کو مشترکہ اور منصفانہ انداز میں چلانا ممکن ہے۔

اور اس کا اثر ریلوے تک محدود نہیں رہے گا۔ اگر قومیں دیکھیں کہ ایک شعبے میں اس نوعیت کا تعاون کامیابی سے کام کر سکتا ہے، تو یہ سوال بھی پیدا ہوگا کہ دوسرے شعبوں میں بھی ایسا کیوں نہ ہو—خواہ پانی کا معاملہ ہو، توانائی کا، عالمی صحت کا یا ماحولِ زیست کا۔ یوں یہ نیٹ ورک عالمی تعاون کے ایک نئے انداز کے لیے نمونہ بن سکتا ہے۔

جو تہذیب یہ اپنے ساتھ لائے گا

اگر ان تمام پہلوؤں کو ایک ساتھ دیکھا جائے تو ان کے مجموعے سے ایک ایسی چیز سامنے آتی ہے جو محض ان سب کا حاصلِ جمع نہیں: ایک ثقافت۔ ایک چھوٹی مگر زندہ تہذیب، جو ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے تک پھیلی ہوئی ہوگی اور اس میں داخل ہونے والا ہر شخص اس کا کچھ نہ کچھ حصہ اپنے ساتھ لے جائے گا۔

اور شاید یہی انسان کے قدیم ترین مسائل میں سے ایک کا جواب بھی ہو۔ ہم ہمیشہ سے جانتے آئے ہیں کہ ہمیں کیسے زندگی گزارنی چاہیے—مذاہب، فلسفی اور ہمارا ضمیر صدیوں سے ہمیں راستہ دکھاتے آئے ہیں۔ ہماری کمی علم کی نہیں، بلکہ ایک عملی نمونے کو دیکھنے کی رہی ہے؛ ایسے حقیقی نمونے کی جو ثابت کر سکے کہ یہ اعلیٰ اصول محض تصورات نہیں، انہیں حقیقت میں بھی اختیار کیا جا سکتا ہے اور عملی دنیا میں وہ کارآمد بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ انسان محض دلیل سے جتنا قائل ہوتا ہے، اس سے کہیں زیادہ کسی عملی نمونے سے بدلتا ہے۔

عالمی ریلوے نیٹ ورک ایسا ہی ایک نمونہ بن سکتا ہے۔ کوئی بے عیب جنت نہیں—کیونکہ انسان کی بنائی ہوئی کوئی چیز بے عیب نہیں ہوتی—بلکہ زمین کا ایک ایسا گوشہ جہاں انصاف، احترام اور انسانی وقار محض نعرے نہ ہوں بلکہ روزمرہ زندگی کا معمول بن جائیں۔

اور اگر یہ ایک نیٹ ورک میں ممکن ہے، تو ایک شہر میں کیوں نہیں؟ اور اگر ایک شہر میں ممکن ہے تو ایک ملک میں کیوں نہیں؟ اور اگر ایک ملک میں ممکن ہے تو پوری زمین پر کیوں نہیں؟

شاید یہی اس کتاب کی سب سے بلند پرواز امید ہے: ایسا راستہ تعمیر کیا جائے جو صرف ٹرینوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ نہ پہنچائے، بلکہ انسانیت کو یہ دکھا دے کہ وہ اپنے لیے ایک بہتر دنیا کیسے بنا سکتی ہے۔

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیںسب سے پہلے اپنی رائے کا اظہار کیجیے