اب ہم اس سفر کے اختتام پر پہنچ چکے ہیں۔ میں نے فلسفۂ سفر سے آغاز کیا، موجودہ دنیا کی صورتِ حال بیان کی، اس خیال کو تفصیل سے پیش کیا، اس کی انجینئرنگ، معیشت اور حکمرانی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا، اور اعداد و شواہد کی مدد سے اس مستقبل کی ایک جھلک بھی دکھائی جو ہمارے سامنے ہے۔
اب صرف ایک چیز باقی رہ جاتی ہے:
دعوت۔
کیونکہ محض ایک کتاب کچھ تعمیر نہیں کر سکتی۔ کتاب صرف کسی ذہن میں ایک بیج بو سکتی ہے، یا ایک فکر دے سکتی ہے؛ اسے پروان چڑھانے اور حقیقت کا روپ دینے کا کام دوسروں کو کرنا ہوگا۔
رہنماؤں اور پالیسی سازوں سے گفتگو
سب سے پہلے ان لوگوں سے مخاطب ہوں جو آج فیصلے کرنے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ دنیا اس وقت کس مقام پر کھڑی ہے؟ آپ جانتے ہیں کہ دباؤ بڑھتے جا رہے ہیں، وسائل محدود ہوتے جا رہے ہیں، اور آج کی خاموشی کی ایک ایسی قیمت ہوگی جو کل ادا کرنا پڑے گی۔
یہ کتاب آپ سے یہ نہیں کہتی کہ آپ اپنی قوم کے مفادات سے دست بردار ہو جائیں۔ اس کے برعکس، یہ کہتی ہے کہ آپ کی قوم کے حقیقی اور طویل المدت مفادات تنہائی میں نہیں بلکہ باہمی ربط میں ہیں؛ محاذ آرائی میں نہیں بلکہ تعاون میں ہیں۔ جس ملک سے دنیا کے راستے گزریں گے، وہ زیادہ ترقی کرے گا؛ اور جو قوم دوسری قوموں کے ساتھ تجارت اور تبادلے میں شریک ہوگی، وہ زیادہ محفوظ زندگی گزارے گی۔
اور ایک بات بے تکلف کہنے دیجیے: تاریخ انہی لوگوں کے نام یاد رکھتی ہے جو اپنے پیچھے کوئی قابلِ قدر قومی خدمت چھوڑ جاتے ہیں۔ جنگ برپا کرنے والے جلد یا بدیر فراموش ہو جاتے ہیں، لیکن تعمیر کرنے والوں کے کارنامے اور حق کے محافظوں کے نام باقی رہتے ہیں۔ جو شخص آج ایسے منصوبے پر پہلا دستخط کرے گا، اس کا نام وقتی فتوحات کی فہرست میں نہیں، بلکہ ایسی بنیاد رکھنے والوں میں لکھا جائے گا جس سے آنے والی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی۔
انجینئروں اور سائنس دانوں سے گفتگو
اور اب آپ حضرات سے مخاطب ہوں، جو تعمیر کا علم رکھتے ہیں۔
یہ کتاب ایک ایسے مصنف نے لکھی ہے جو ریلوے انجینئر نہیں؛ بلکہ ایک ایسا شخص ہے جس نے برسوں دنیا کو دیکھا اور اس نتیجے تک پہنچا ہے کہ ایسے راستے کی ضرورت ہے۔ اس کتاب میں دیے گئے اعداد و شمار تصوری تخمینے ہیں، اور اس میں تجویز کیے گئے راستے ابھی نقشے پر کھینچی ہوئی لکیروں سے زیادہ کچھ نہیں۔
اس لیے یہ کام آپ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اسے جانچیے، اس پر تنقید کیجیے، اس کی خامیاں تلاش کیجیے اور انہیں درست کیجیے۔ اگر کہیں اس کی بنیاد کمزور ہے تو صاف بتائیے؛ اور اگر اس سے بہتر کوئی راستہ موجود ہے تو وہ دکھائیے۔
یہ منصوبہ آپ سے تائید نہیں مانگتا؛ بلکہ درست جانچ اور باریک بینی کا تقاضا کرتا ہے۔ اور اگر آپ کی جانچ پڑتال کے بعد بھی اس کا ایک بڑا حصہ مضبوط ثابت ہوتا ہے، تو پھر دنیا کے ہاتھ میں ایک حقیقی نقشہ ہوگا، محض ایک شاعرانہ خواب نہیں۔
تاریخ کی عظیم ترین تعمیرات ان لوگوں نے انجام دیں جنہوں نے تعمیر سے پہلے درست سوچا۔ یہ منصوبہ بھی اسی اصول پر آگے بڑھنا چاہیے۔
سرمایہ کاروں اور اہلِ معیشت اور اقتصاد دانوں سے گفتگو
آپ سے، جو سرمائے کو سمجھتے ہیں، صاف بات یہ ہے:
یہ کوئی خرچ یا لاگت نہیں، بلکہ ایک سرمایہ کاری ہے—ایک ایسے عالمی نظام میں جو ایک صدی تک کام کرے گا اور آمدنی کے درجنوں ذرائع پیدا کریں گے۔
لیکن اس سے بھی بڑھ کر، یہ ایک موقع ہے کہ آپ یہ ثابت کریں کہ سرمایہ تعمیر کا ذریعہ بن سکتا ہے، محض منافع سمیٹنے کا نہیں؛ کہ منافع بھی کمایا جا سکتا ہے اور اسی کے ساتھ ایک بہتر دنیا بھی تعمیر کی جا سکتی ہے۔ اور اگر اس کتاب میں پیش کیا گیا مالیاتی ماڈل آپ کے لیے نیا ہے، تو اسے آزما کر دیکھیے۔ جو سرمایہ حقیقی کام سے وابستہ ہو اور جس کا خطرہ منصفانہ طور پر تقسیم کیا گیا ہو، وہ طویل مدت میں زیادہ مضبوط اور پائیدار ہوتا ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے مالیاتی بحرانوں نے ہم سب کو یہی سبق سکھایا ہے۔
مصنفین، اساتذہ اور ذرائعِ ابلاغ سے گفتگو
آپ سے، جن کا کام فکر و خیال کو لوگوں تک پہنچانا ہے: کوئی بھی بڑا منصوبہ اس وقت تک آگے نہیں بڑھا جب تک لوگ اس سے واقف نہ ہوئے۔ اس خیال کو لوگوں تک پہنچائیے—اس پر تنقید کیجیے، اس کا تجزیہ کیجیے، اسے کھولیے اور اس پر بحث کیجیے۔ یہاں تک کہ باشعور مخالفت بھی مکمل بے خبری سے کہیں زیادہ سودمند ہے۔ کسی خیال کو ختم کرنے والی چیز مخالفت نہیں؛ خاموشی ہے۔
نوجوانوں سے ایک بات
اور اب آپ سے، کیونکہ یہ صدی آپ کی صدی ہے۔ اس کتاب میں جس دنیا کی تصویر کھینچی گئی ہے—دس ارب انسانوں والی دنیا، غیر مستحکم آب و ہوا والی دنیا، اور روز بروز گہری ہوتی ہوئی خلیجوں والی دنیا—یہ وہ دنیا ہے جس میں آپ کو زندگی گزارنی ہے، ہمیں نہیں۔
شاید آپ سے کہا گیا ہو کہ تمام بڑے کام ختم ہو چکے ہیں؛ سب کچھ بنایا جا چکا ہے اور اب اگلوں کی میراث کی حفاظت کے سوا کچھ باقی نہیں رہا۔ یہ درست نہیں۔ سب سے بڑے کام ابھی ہمارے سامنے ہیں، اور یہ منصوبہ بھی انہی میں سے ایک ہے۔ جو لوگ اس نیٹ ورک کو مکمل کریں گے، وہ آج شاید ابھی بچے ہوں یا ابھی پیدا بھی نہ ہوئے ہوں۔ اگر آپ اس خیال کو سنجیدگی سے لیں، تو وہ نسل آپ ہی ہوں گے۔
عام لوگوں سے گفتگو
اور آخر میں، آپ سے—زمین کے ایک ایک عام آدمی سے، جو درحقیقت اس نیٹ ورک کے حقیقی مالک ہیں۔
شاید آپ کہیں: ’’میری کیا حیثیت ہے؟ میرے پاس نہ سرمایہ ہے، نہ طاقت۔‘‘ لیکن یہ جان لیجیے کہ تاریخ میں کوئی بھی بڑا کام عام لوگوں کی خواہش کے بغیر انجام نہیں پایا۔ حکومتیں دیر یا بدیر وہی کرنے پر آمادہ ہو جاتی ہیں جو ان کے عوام چاہتے ہیں۔ اگر یہ خیال آپ کے دلوں میں جگہ بنا لے، اگر آپ اس کے بارے میں بات کریں اور اپنے نمائندوں سے کہیں کہ وہ اس پر غور کریں، تو پھر وہی ہوگا جو ہونا چاہیے۔
اور یہ بھی جان لیجیے کہ یہ منصوبہ، سب سے بڑھ کر، آپ ہی کے لیے ہے: اس کسان کے لیے جس کی فصل گودام میں پڑی پڑی خراب ہو جاتی ہے؛ اس ماں کے لیے جسے اپنے بیمار بچے کو گھنٹوں سڑک پر لے جا کر ہسپتال پہنچانا پڑتا ہے؛ اس نوجوان کے لیے جس کی صلاحیت کسی دور افتادہ گوشے میں بے مصرف پڑی رہ جاتی ہے؛ اور ہر اس شخص کے لیے جو دنیا دیکھنے کا خواب رکھتا ہے، مگر اس تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں۔
اور اب، پہلا عملی قدم
دعوت، جب تک کسی واضح اور عملی قدم کے ساتھ نہ ہو، محض ایک خواہش بن کر رہ جاتی ہے۔ اس لیے آئیے، میں صاف اور بلا ابہام بتاتا ہوں کہ میرے خیال میں پہلا عملی کام کیا ہونا چاہیے۔
نہ کسی معاہدے پر دستخط، نہ بجٹ مختص کرنا، اور نہ سنگِ بنیاد رکھنا۔ پہلا قدم ان تینوں سے چھوٹا، مگر ان سب سے اھم ہے:
عالمی ریلوے نیٹ ورک کے ابتدائی امکانِ عمل کے جائزے کی تیاری کے لیے ماہرین کے ایک آزاد گروہ کی تشکیل۔
ایک چھوٹا لیکن کثیرالشعبہ گروہ: ریلوے انجینئرز، ماہرینِ ارضیات، ماہرینِ معاشیاتِ نقل و حمل، بین الاقوامی قانون کے ماہرین، ماہرینِ ماحولیات، اور اسلامی معیشت کے اہلِ نظر۔
اس گروہ کا کام اس کتاب کی تائید کرنا نہیں، بلکہ اسے پرکھنا ہے۔ اسے راستوں کا جائزہ لینا ہوگا، اخراجات کے حقیقی تخمینے تیار کرنے ہوں گے، آبی گزرگاہوں کو فنی اعتبار سے جانچنا ہوگا، اور یہ بتانا ہوگا کہ اس منصوبے کا کون سا حصہ جو اس کتاب میں لکھا گیا ہے مضبوط ہے اور کس حصے کو ازسرِنو لکھنے کی ضرورت ہے۔
ایسے کام کے لیے نہ کسی بہت بڑے بجٹ کی ضرورت ہے اور نہ عالمی اتفاقِ رائے کی؛ بلکہ صرف چند درجن ماہرین اور ایک ایسے ادارے کی ضرورت ہے جو ان کی میزبانی کر سکے۔
اور جب تک یہ رپورٹ سامنے نہیں آتی، کوئی حکومت یا بین الاقوامی ادارہ اس منصوبے کو سنجیدگی سے نہیں لے گا—اور اسے ایسا نہ کرنا بھی بجا ہوگا۔ فنی اعتبار ہی ہر سنجیدہ گفتگو میں داخل ہونے ک باب ہے۔
چنانچہ اگر آپ مجھ سے پوچھیں کہ شروعات کہاں سے کرنی ہے، تو میرا جواب صرف ایک جملہ ہے: اسی گروہ کی تشکیل سے۔
اور آخری بات
یہ کتاب جنگ کی ایک داستان سے شروع ہوئی تھی؛ ایک ایسی سرزمین سے جو آگ میں جل گئی، اور ان قریب ایک ملین انسانوں سے جو وہاں سے رخصت ہوگئے—جن میں سے دو میرے بھائی بھی تھے۔
برسوں بعد، طویل سفروں کے دوران اور بے شمار لوگوں سے ملاقاتوں میں، مجھے یہ ادراک ہوا کہ جو چیز قوموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرتی ہے، وہ سب سے بڑھ کر ناواقفیت اور فاصلے ہیں۔ جو لوگ ایک دوسرے کو نہیں جانتے، وہ آسانی سے ایک دوسرے سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں؛ اور خوف سے تشدد تک کا فاصلہ بہت کم ہوتا ہے۔
اور میں نے یہ سیکھا کہ ہر سکون کے بعد ایک طوفان آتا ہے، اور جو لوگ پہلے سوچ لیتے ہیں، وہ آگے رہتے ہیں۔ آج، کئی دہائیوں کی نسبتاً خاموشی کے بعد، ایک نئے طوفان کے آثار نمایاں ہیں۔ لیکن اس بار، اس کے آنے سے پہلے، ہمارے سامنے ایک راستہ موجود ہے۔
میں نے اس کتاب میں جو تجویز پیش کی ہے، وہ دنیا کو بچا لینے کا کوئی دعویٰ نہیں۔ یہ محض ایک راستہ ہے—فولاد اور کنکریٹ کا ایک ایسا راستہ جو اپنے ساتھ اس سے کہیں زیادہ قیمتی چیز لے جا سکتا ہے: ایک دوسرے کی پہچان، باہمی لین دین، احترام اور آخرکار امن۔ ایسا راستہ جو فرار کے لیے پناہ گاہیں بنانے کے بجائے ہمارے اس مشترکہ گھر کو مزید آباد اور خوش حال بناتا ہے۔ کیونکہ فرار کی کوئی راہ نہیں؛ خداوند نے یہ زمین ہم سب کے لیے ایک ہی بنائی ہے، اور اس کے سوا کوئی پناہ نہیں۔
میں نے اس منصوبے کو اپنی بساط کے مطابق تیار کیا اور آپ کے سپرد کر دیا۔ میں اسے مکمل نہیں سمجھتا اور نہ ہی یہ دعویٰ کرتا ہوں کہ یہ بے عیب ہے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ اس کا بنیادی تصور درست ہے، اور مجھے امید ہے کہ جو لوگ مجھ سے زیادہ علم و حکمت رکھتے ہیں، وہ اسے تھامیں گے، اسے بہتر بنائیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔
اور اگر کسی دن، میرے دنیا سے رخصت ہونے کے برسوں بعد، کسی دور دراز گاؤں کا کوئی بچہ ایسی ٹرین میں سوار ہو جو اسے دنیا تک پہنچا دے، اور اگر اس ٹرین نے ان لوگوں کو ایک دوسرے سے ملا دیا ہو جو کل تک ایک دوسرے سے خوف زدہ تھے، تو اس وقت یہ چند صفحات اپنا حق ادا کر چکے ہوں گے۔
خداوند ہمارے لیے یہ راستہ آسان فرمائے اور ہمیں ان لوگوں میں شامل کرے جو اس کے بندوں کے لیے راستے کھولیں، رکاوٹیں نہیں بنائیں۔
کیانوش رحمانی، مصنف