عالمی ریلوے نیٹ ورک دراصل ایک باہم جڑا ہوا ڈھانچا ہے۔ اس کے راستے بہت سے مقامات پر ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور مجموعی طور پر ایک مربوط جال تشکیل دیتے ہیں۔ اس کے باوجود بہتر یہی ہے کہ اس وسیع نیٹ ورک کو واضح ناموں کے ساتھ کئی الگ ’’لائنوں‘‘ میں تقسیم کیا جائے۔ کیونکہ اگر اس پورے عظیم نیٹ ورک کا صرف ایک ہی نام ہو تو سفر کے دوران مسافر کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہو جائے گا کہ وہ اس وقت کونسے ٹرین پر سوار ہے اور اسے اپنے سفر کا صحیح راستہ کس طرح معلوم کرنا ہے۔
اس کی بہترین مثال شہری میٹرو کا نظام ہے۔ کسی شہر کی میٹرو حقیقت میں ایک ہی مربوط نیٹ ورک ہوتی ہے، لیکن اسے مختلف ناموں یا رنگوں والی کئی لائنوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ تاکہ مسافر آسانی سے کہہ سکے کہ وہ نیلی لائن سے جائے گا اور فلاں اسٹیشن پر سرخ لائن اختیار کرکے اپنا سفر جاری رکھے گا۔ یہی سادگی سفر کو قابلِ فہم بناتی ہے۔ عالمی ریلوے نیٹ ورک بھی اسی اصول پر قائم ہوگا: نیٹ ورک ایک ہوگا، لیکن اس کی مختلف لائنوں کے اپنے اپنے نام ہوں گے۔
راستوں کے انتخاب کی بنیاد
یہ لائنیں کن اصولوں کی بنیاد پر بنائی جائے گی؟ راستوں کا تعین چند واضح اصولوں کے تحت کیا گیا ہے—اور ان سب کے پیچھے ایک ہی بنیادی مقصد ہے: انصاف۔
پہلا اصول: براعظموں کے اندرونی حصوں سے گزرنا۔
بنیادی اور مرکزی (مین)راستے کے لیے پہلا اصول یہ ہے کہ جہاں تک ممکن ہو، براعظم کے کسی ایک کنارے سے گزرنے کے بجائے اس کے اندرونی حصے سے گزریں گے۔ اگر ریلوے کسی ایک کنارے سے گزرے تو دوسرے کنارے کے لوگوں کے لیے اس تک پہنچنے کا فاصلہ بہت زیادہ ہوجائے گا؛ لیکن جب راستہ براعظم کے وسط سے گزرتا ہے تو اردگرد آباد لوگوں کے لیے رسائی کا فاصلہ حتیٰ الامکان یکساں رہتا ہے۔ مزید یہ کہ ساحلی علاقوں کے لوگوں کو پہلے ہی بحری نقل و حمل تک رسائی حاصل ہے؛ اس لیے انصاف کا تقاضا ہے کہ ریلوے کو خشکی کے اندرونی علاقوں تک لے جایا جائے، جہاں آج تک لوگ بنیادی نقل و حمل کی سہولت سے بھی محروم رہے ہیں۔
دوسرا اصول: زیادہ سے زیادہ ممالک کو جوڑنا۔
کوئی راستہ جتنے زیادہ ممالک کو آپس میں جوڑے گا، اتنا ہی وہ اس منصوبے کے بنیادی مقصد—قوموں کو ایک دوسرے سے ملانے—کے قریب ہوگا۔
تیسرا اصول: راستے کو مختصر اور حتیٰ الامکان سیدھا رکھنا۔
ہم کوشش کریں گے کہ راستہ ممکن حد تک سیدھا اور مختصر ہو۔ مختصر راستے کا مطلب ہے کم لاگت، زمین پر کم بوجھ اور تیز تر سفر۔
چوتھا اصول: زمین کی قدرتی ساخت کے ساتھ ہم آہنگی۔
جہاں ممکن ہو، ہموار زمین سے گزرا جائے گا اور شہروں کو درمیان سے کاٹنے کے بجائے ان کے قریب سے راستہ گزارا جائے گا، تاکہ شہری زندگی متاثر نہ ہو اور اس کے ساتھ اسٹیشن بھی شہروں کے لیے آسانی سے قابلِ رسائی رہیں۔
پانچواں اصول: غیر ضروری تکرار سے گریز۔
بعض علاقوں میں پہلے ہی اچھی ریلوے لائنیں موجود ہیں۔ ایسے مقامات پر انہی کے متوازی ایک نئی لائن بچھانے کی ضرورت نہیں۔ اس نیٹ ورک کا معیار مستقبل کو سامنے رکھنے والا ہوگا، لیکن ہمارا مقصد موجودہ ریلوے لائنوں سے مقابلہ کرنا نہیں۔ ہم ماضی کے راستوں کو ختم کرنے نہیں آئے گے؛ ہم ان علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ جو اب تک اس سہولت سے محروم ہوں گے۔
اور ان تمام اصولوں سے بالاتر ایک بنیادی اصول ہے جس پر میں خاص زور دینا چاہتا ہوں: ہم کبھی ایک قوم کو دوسری قوم پر ترجیح نہیں دیں گے۔ اس منصوبے کی انصاف پر مبنی ہونا اور مضبوط اور محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ راستوں کی وضاحت میں جن ممالک اور شہروں کے نام آتے ہیں، ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ قاری راستے کا تصور کرسکے؛ ان کے انتخاب میں کسی خاص ملک سے وابستگی یا اسے خصوصی ترجیح دینے کا کوئی معاملہ نہیں۔ اس کے علاوہ زمین کی ساخت، زلزلے کے خطرات اور ماحولیاتی مسائل جیسے دیگر فنی پہلو بھی ماہرین اس ابتدائی منصوبے میں شامل کریں گے۔
تین مرکزی شریانیں
پہلی شریان: بحرالکاہل کے گرد ریلوے لائن۔
یہ لائن بحرالکاہل کے گرد ایک عظیم کمان کی مانند گھومتی ہے۔ یہ جنوبی امریکا سے شروع ہوتی ہے، امریکا کے وسطی حصے سے شمال کی طرف بڑھتی ہوئی الاسکا پہنچتی ہے، وہاں سے آبنائے بیرنگ تک جاتی ہے، پھر مشرقی ایشیا اور روس میں داخل ہوتی ہے اور چین، جنوب مشرقی ایشیا اور انڈونیشیا سے گزرتی ہوئی بالآخر آسٹریلیا پہنچ جاتی ہے۔ یہ لائن تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کے دونوں براعظموں، ایشیا اور آسٹریلیا کے درمیان زمینی رابطہ قائم کرے گی۔
دوسری شریان: بحرِ اوقیانوس اور بحرِ ہند کا کمانی ریلوے لائن۔
یہ لائن مشرقی روس سے شروع ہوکر یورپ کے اندرونی حصے سے گزرتی ہے، آبنائے جبل الطارق کے مقام پر افریقا میں داخل ہوتی ہے، پھر افریقا کے مغرب سے مشرق تک سفر کرتی ہے اور آبنائے باب المندب کے ذریعے جزیرۂ عرب میں داخل ہوجاتی ہے۔ یہاں راستہ منطقی طور پر عربستان سے گزرتا ہوا خلیجِ فارس کے ساحل اور آبنائے ہرمز کے ذریعے ایران پہنچتا ہے اور پھر ایشیا کی پہلے سے بچھائی ہوئی ریلوے لائن سے دوبارہ جڑ جاتا ہے۔ اس راستے میں وہ سرزمینیں جہاں براعظم ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں، اپنی جغرافیائی حیثیت کے باعث قدرتی رابطہ گاہوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔
تیسری شریان: افریقا-ایشیا کی مرکزی ریلوے لائن کہ جو اس پورے منصوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے۔
یہ ایک شمال-جنوبی ریلوے راستہ ہے جو جنوبی افریقا سے شروع ہوتا ہے، افریقا کے اندر سے گزرتا ہوا مصر تک پہنچتا ہے، پھر مشرقِ وسطیٰ اور ایران سے گزر کر وسطی ایشیا اور روس تک جاتا ہے۔ یہ لائن کئی مقامات پر دوسری دونوں راستوں کو کاٹتی ہے، جس سے پورا نیٹ ورک مزید باہم مربوط ہوجاتا ہے۔
چوتھا راستہ اور نیٹ ورک کے لیے ہمیشہ کھلا دروازہ
لیکن یہ تین لائنیں کام کی آخری حد نہیں ہیں۔ عالمی ریلوے نیٹ ورک کوئی بند اور ناقابلِ تغیر منصوبہ نہیں؛ اس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ چوتھا راستہ—اور مستقبل میں اس سے بھی زیادہ راستے—ممالک اور نیٹ ورک کے رکن منتظمین کی تجویز یا درخواست پر بعد میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔ یہ تجویز ایک سوچا سمجھا اصول ہے: جو منصوبہ پوری انسانیت کا مشترکہ منصوبہ بننے والا ہو، اسے ہمیشہ کے لیے ایک ہی شکل میں لوگوں پر مسلط نہیں کیا جاسکتا۔
ذیلی لائنیں: آخری ملک تک رسائی
اگر تین بنیادی راستے اس ریلوے لائن کے بڑے لائن ہیں تو ذیلی لائنیں اس کی باریک لائنیں ہیں۔ تقریباً تینتیس ذیلی لائنوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ان بنیادی ریلوے لائنوں کو ایک ایک ملک اور دور دراز علاقوں تک پہنچائیں۔ ان لائنوں کا فلسفہ بالکل سادہ ہے: کوئی ملک نظرانداز نہیں ہونا چاہیے۔ یہی ذیلی لائنیں ۱۹۵ ممالک کو جوڑنے کے وعدے کو محض ایک دعوے سے حقیقت میں بدلیں گی۔
یہ چند لائنیں نہیں بلکہ ایک ’’نیٹ ورک‘‘ کیوں ہے؟
یہ لائنیں بہت سے مقامات پر ایک دوسرے کو کاٹتی اور آپس میں ملتی ہیں، اور یہی باہمی رابطے پورے نیٹ ورک کو زیادہ مضبوط اور قابلِ اعتماد بناتے ہیں۔ اگر کسی وجہ سے ایک راستہ بند ہوجائے تو دوسرے راستے سے منزل تک پہنچنے کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ یہی وہ سہولت ہے جس سے آج کی دنیا محروم ہے، کیونکہ عالمی تجارت چند محدود اور تنگ بحری گزرگاہوں پر بہت زیادہ منحصر ہے۔ عالمی ریلوے نیٹ ورک ابتدا ہی سے متبادل راستوں کے اصول پر تعمیر کیا جائے گا؛ بالکل ایک ایسے جال کی طرح کہ اگر اس کا ایک دھاگا ٹوٹ بھی جائے تو پورا جال بکھر نہ جائے۔
قاری کے ذہن میں آنے والے چند سوالات
اس مقام پر شاید آپ کے ذہن میں چند سوال پیدا ہوں۔ اگر کوئی ملک اس نیٹ ورک میں شامل ہونا نہ چاہے تو کیا ہوگا؟ اگر کوئی راستہ کسی ایسے علاقے سے گزرنے پر مجبور ہو جہاں کشیدگی پائی جاتی ہو تو کیا ہوگا؟ راستے کے تعین پر اختلاف ہوجائے تو فیصلہ کون کرے گا؟
ان سوالات کا مکمل جواب میں نظامِ حکمرانی والے حصے میں دوں گا، لیکن بنیادی اصول واضح ہے: کسی چیز کو مسلط نہیں کیا جائے گا۔ ان میں سے بہت سے فیصلے بعد میں بین الاقوامی کنسورشیم کے اجلاسوں میں، رائے شماری اور اجتماعی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ یہاں جو کچھ بیان کیا جارہا ہے، وہ صرف ابتدائی خیال اور ایک تصوراتی خاکہ ہے، حتمی فیصلہ نہیں۔
زمین کے جغرافیے میں پوشیدہ حکمت
اور آخر میں ایک ایسی بات جسے شاید اس پورے منصوبے کے ڈیزائن کا سب سے حیرت انگیز پہلو کہا جاسکتا ہے۔
جب میں نے پہلی بار یہ سوچا کہ دنیا کو ایسے نیٹ ورک کی کتنی ضرورت ہے اور پھر زمین کا نقشہ سامنے رکھا تو مجھے ایک ایسی حقیقت نظر آئی جس نے میرے دل کو ہلا دیا: گویا خدا نے اس منصوبے کے لیے درکار تمام حالات پہلے ہی فراہم کر رکھے ہیں۔
براعظم بعض مقامات پر اس طرح ایک دوسرے کے قریب ہیں کہ ان کے درمیان صرف ایک تنگ آبنائے حائل ہے—ایشیا اور امریکا کے درمیان بیرنگ، یورپ اور افریقا کے درمیان جبل الطارق، افریقا اور جزیرۂ عرب کے درمیان باب المندب، اور عربستان اور ایران کے درمیان ہرمز۔ اگر یہ آبنائیں نہ ہوتیں تو براعظموں کے درمیان زمینی رابطہ تقریباً ناممکن دکھائی دیتا؛ لیکن یہ آبنائیں موجود ہیں، عین ان مقامات پر جہاں ان کی ضرورت ہے—گویا زمین ابتدا ہی سے خدا کے بندوں کو ایک دوسرے سے ملانے کے لیے تیار کی گئی تھی۔
درحقیقت یہ منصوبہ کسی من پسند راستے کی ایجاد نہیں، بلکہ اس راستے کی دریافت ہے جسے خود قدرت نے زمین کی ساخت میں ہمارے سامنے رکھ دیا ہے۔ ہم صرف وہی پڑھ رہے ہیں جو زمین کی ساخت میں لکھا ہوا ہے۔ اور شاید یہی بات مجھے امید دیتی ہے کہ یہ راستہ وہی ہے جسے کھلنا تھا۔
میری امید ہے کہ ایک دن ایک عالمی کنسورشیم میں قومیں اس منصوبے پر باہمی اتفاق تک پہنچیں گی اور اپنے مفادات جنگ اور پابندیوں میں نہیں بلکہ تعاون میں تلاش کریں گی۔ اور یہی اس منصوبے کا سب سے قیمتی پیغام ہے: ہمیں زمین کی طرف واپس آنا ہوگا اور ایک دوسرے کے درمیان راستے کھولنے ہوں گے—کیونکہ فرار کی کوئی راہ نہیں، اور ہمارا گھر یہی ایک زمین ہے جسے خدا نے ہم سب کے لیے صرف ایک ہی بنایا ہے۔