عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
GRN عالمی ریلوے نیٹ ورک
عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
GRN عالمی ریلوے نیٹ ورک

مسافر کا تجربہ اور اسٹیشن — عالمی ریلوے نیٹ ورک میں سفر کیسا ہوگا؟

عالمی ریلوے نیٹ ورک کا نشان
راوی کی زبانی،
0:00

بالآخر یہ نیٹ ورک فولاد اور کنکریٹ کے لیے نہیں بلکہ انسان کے لیے بنایا جائے گا۔ تو آئیے، اسے ایک عام مسافر کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

اس پورے ڈیزائن پر ایک بنیادی اصول حاوی ہوگا: نظام اپنے کارکنوں اور استعمال کرنے والوں، دونوں کے لیے سادہ، رواں اور باوقار ہونا چاہیے۔

ایک ٹیکٹ، دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک کے لیے کافی ہو۔

سفر ٹیکٹ کے خریدنے سے شروع ہوگا، اور یہیں نیٹ ورک کا پہلا وعدہ سامنے آئے گا: سادگی۔ مسافر اپنے موبائل فون پر چند آسان لمس (بٹن دبانے) کے ذریعے ایسا سفر بک کرسکے جس میں کئی ممالک اور شاید کئی براعظم شامل ہوں، اور اس پورے سفر کے لیے اسے ایک ہی مربوط ٹیکٹ حاصل ہو۔ ایک منزل، ایک ٹیکٹ، ایک مسلسل سفر۔ اسی آسانی کے ساتھ وہ اپنا سامان بھی روانہ کرسکے یا اپنی بھیجی ہوئی اشیا وصول کرسکے۔

اسٹیشن: وہ دروازہ جہاں تمام راستے ملتے ہیں

عالمی نیٹ ورک کے اسٹیشن نقل و حمل کے مختلف ذرائع کو آپس میں جوڑنے والے مراکز ہوں گے—ایسی جگہیں جہاں ریلوے دوسرے ذرائعِ نقل و حمل سے مربوط ہوگی۔ مسافر ٹرین سے اترتے ہی بس، میٹرو، ٹیکسی، سائیکل یا اپنی ذاتی گاڑی تک آسانی سے پہنچ سکے گا۔

اسٹیشن کے اندر: سہولت، رسائی اور وقار

جدید اسٹیشن عموماً دو منزلہ ہوتے ہیں: زمینی منزل مسافروں کی آمد و رفت کی ضروریات کے لیے اور بالائی منزل پلیٹ فارموں کے لیے، جبکہ دونوں کے درمیان سیڑھیوں، برقی زینوں، لفٹوں اور ہموار چڑھائی والے راستوں کے ذریعے آمد و رفت ہوتی ہے۔

خدمات کی منزل پر مسافر کی ضرورت کی ہر چیز موجود ہوگی: ٹیکٹ کاؤنٹر، انتظار گاہیں، سامان رکھنے کی جگہ، بیت الخلا، ریسٹورنٹ اور دکانیں، معلوماتی مراکز، ہنگامی طبی خدمات، اے ٹی ایم، چارجنگ کی جگہیں، اور عبادت کے لیے ایک کمرہ، جس میں وضو اور غسل کی سہولت ہو۔ پورے نیٹ ورک میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولت مسلسل اور مربوط رہنی چاہیے۔

اسٹیشن کے ڈیزائن پر دو اصول حاوی ہوں گے۔ پہلا، سب کے لیے آسان رسائی: لفٹیں، ہموار راستے اور خصوصی نشستیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ بزرگ، بچے، حاملہ خواتین اور کم توانائی یا معذور افراد بھی برابر عزت اور وقار کے ساتھ اس سہولت سے فائدہ اٹھاس کیں۔ دوسرا، آرام: درجۂ حرارت کا مناسب انتظام، کافی نشستیں، ڈیجیٹل اسکرینیں اور واضح اعلانات۔ اور چونکہ یہ ایک عالمی نیٹ ورک ہوگا، اس لیے معلومات کئی زبانوں میں دستیاب ہونی چاہیے۔

اور ایک تیسرا اصول، جو آسانی سے فراموش ہو جاتا ہے۔ جب ہم مسافر کی ضروریات گنواتے ہیں تو جسم کو جلد یاد رکھتے ہیں: کھانا، پانی، صفائی، آرام، دوا اور اعضا کی حرکت۔ لیکن انسان صرف جسم نہیں۔ روح کو عبادت کی ضرورت اتنی ہی حقیقی ہے جتنی جسم کو روٹی کی، اور جو اسٹیشن ایک کا انتظام کرے اور دوسری کو بھول جائے، اس نے انسان کو آدھا سمجھا ہے۔ اسی لیے ہر اسٹیشن میں عبادت کے لیے ایک پُرسکون کمرہ ہوگا، جس کے ساتھ وضو اور غسل کی جگہ بھی ہوگی؛ ہر مسافر کے لیے کھلا، خواہ وہ کسی بھی دین سے ہو، اور کسی ایک دین کے لیے مخصوص نہیں۔ تاکہ کسی کو اپنے سفر کو جاری رکھنے اور اپنے رب سے وفاداری میں سے ایک کو چننے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

ہالوں کا ڈیزائن اور مسافروں کی آمد و رفت

ایک بڑا اسٹیشن روزانہ دسیوں ہزار مسافروں کو سنبھال سکتا ہے؛ اس لیے اسٹیشن کے ہالوں کا ڈیزائن خود ایک باقاعدہ علم ہے۔ ہالوں کے ابعاد ایسے ہونے چاہئیں کہ رش کے اوقات میں بھی بھیڑ نہ ہو اور مسافروں کی آمد و رفت ہموار اور بلا رکاوٹ رہے۔ ڈیزائنرز خم دار کونوں تک کا خیال رکھتے ہیں تاکہ مسافر اپنے سامنے کا راستہ دیکھ سکے اور اسے اطمینان کا احساس رہے۔

یہ ہال ہنگامی حالات میں بھی محفوظ ہونے چاہئیں، واضح ہنگامی اخراج کے راستوں اور ایسی گنجائش کے ساتھ جو لوگوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنے کے لیے کافی ہو۔ اور ایک بات فراموش نہیں ہونی چاہیے: یہ نیٹ ورک آج کی آبادی کے لیے نہیں بلکہ دس ارب انسانوں کی دنیا کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا جانا چاہیے۔

اسٹیشن: علاقے کے لیے ترقی کا نیا مرکز

شاید اسٹیشن کا سب سے گہرا کردار نقل و حمل سے کہیں آگے ہے۔ ایک بڑا اسٹیشن اپنے علاقے کا ایک نیا مرکزی بن سکتا ہے۔ بڑے اسٹیشنوں کے آس پاس طبی مراکز، رہائش گاہیں اور ہوٹل، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے قائم کیے جاسکتے ہیں۔ اس طرح لوگوں کے گھروں کے قریب ٹیکنالوجی، علاج اور مواقع پہنچانے کا وہی وعدہ، جس کا اس نیٹ ورک نے آغاز میں کیا تھا، انہی اسٹیشنوں کے ذریعے عملی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

اسٹیشن دنیا میں رائج اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کریں گے اور خود نئے شہروں کے معماروں کے لیے ایک نمونہ بن سکتے ہیں۔

ہر سرزمین کی ثقافت اور پہچان

ایک اسٹیشن اس سرزمین کی روح کا آئینہ بن سکتا ہے جہاں وہ قائم ہو۔ ہر اسٹیشن کا فنِ تعمیر اور اس میں موجود فنونِ لطیفہ اس خطے کی ثقافت اور شناخت کی عکاسی کرسکتے ہیں، تاکہ مسافر کسی نئے اسٹیشن میں داخل ہوتے ہی محسوس کرے کہ وہ ایک نئی سرزمین میں آگیا ہے۔

یہی تنوع کھانے پینے میں بھی نظر آئے گا۔ سفر کے ہر حصے میں مقامی خطے کی پیداوار کی بنیاد پر وہاں کے کھانے پیش کیے جاسکتے ہیں۔ لیکن اس تنوع کے ساتھ مسافر کے انتخاب کے حق کا بھی احترام کیا جائے گا: ہر شخص کو آزادی ہوگی کہ وہ اپنی پسند، اپنے عقیدے یا اپنی ضرورت کے مطابق کھانا منتخب کرسکے۔

خود سفر: نئی دنیا کی طرف کھلنے والی کھڑکی

سفر چند منٹوں سے لے کر کئی دنوں تک جاری رہ سکتا ہے؛ اس لیے ٹرینوں میں مختلف ضروریات کو پورا کرنے کی گنجائش ہونی چاہیے: مختصر سفر کے لیے عام نشستیں (سیٹیں)، جبکہ براعظموں کے درمیان طویل سفر کے لیے ایسے ڈبے جن میں سونے، کھانے اور کام کرنے کی سہولت موجود ہو۔"

مسافر کھڑکی سے دیکھ سکتا ہے کہ پہاڑ، میدان اور شہر ایک ایک کرکے اس کی آنکھوں کے سامنے سے گزرتے جارہے ہیں۔ فضائی سفر کی محدود اور بند فضا کے برعکس ریلوے کا سفر خود بھی سیر اور سیاحت کے پر لطف تجربے کا ایک حصہ ہوتا ہے۔

"ہر نوعیت کے سفر کے لیے ٹرینوں کا سمارٹ اور جامع ڈیزائن"

ٹرینوں کو دو منزلہ بنایا جاسکتا ہے تاکہ زیادہ مسافروں کی گنجائش پیدا ہو، اور انہیں مختلف اقسام اور درجوں میں تیار کیا جاسکتا ہے: چند گھنٹوں کے مختصر سفر کے لیے، روزانہ کے سفر کے لیے اور کئی دنوں پر محیط سفر کے لیے۔

جو مسافر کئی دن سفر کررہا ہو، اسے راستے کے ہر اسٹیشن پر رکنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ اس لیے طویل فاصلے کی ٹرینوں کا نظام اس طرح بنایا جائے گا کہ ان کے اسٹاپ کم ہوں، بالکل براہِ راست پروازوں کی طرح، جبکہ مقامی ٹرینیں چھوٹے اسٹیشنوں کو خدمات فراہم کریں گی۔ اندرونی ڈیزائن میں نماز کے لیے جگہ، وضو کی سہولت، ریسٹورنٹ اور پوری ٹرین میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

Comfort in the details: temperature, sleep, quiet and smoothness of motion

آرام کے لیے اھم سہولیات: درجۂ حرارت، نیند کے لیے چارپائی نما سیٹیں، سکون کے ساتھ ہموار سفر

حقیقی آرام باریک تفصیلات میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ ان میں سے ایک درجۂ حرارت ہے۔

جو مسافر کسی گرم سرزمین سے سرد علاقے کی طرف سفر کررہا ہو، اسے ٹرین کے اندر درجۂ حرارت میں اچانک تبدیلی محسوس نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن درجۂ حرارت کا فرق مکمل طور پر ختم بھی نہیں کیا جانا چاہیے؛ اس تبدیلی کو ہموار اور فطری ہونا چاہیے۔ سفر کے راستے میں مختلف علاقوں کا درجۂ حرارت منفی پچاس ڈگری سے لے کر پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے؛ لیکن ٹرین کے اندر درجۂ حرارت اس طرح برقرار رکھا جائے گا کہ مسافر اس فرق کو اپنی آرام دہ کیبن کے درجۂ حرارت سے صرف پانچ ڈگری زیادہ یا کم کی حد تک محسوس کرے—نہ وہ سردی سے ٹھٹھرتا رہے اور نہ باہر کی سرزمین کے موسم سے بالکل بے خبر ہوجائے۔

دوسری تفصیلات بھی اہم ہیں: طویل سفر میں آرام دہ نیند، شور پر قابو، اور سفر کی ایسی ہمواری کہ ریل بدلتے وقت، اسٹیشن پر رکنے کے دوران یا دو ٹرینوں کے ایک دوسرے کے پاس سے گزرتے وقت مسافر کو اچانک جھٹکا محسوس نہ ہو۔ اس کے ساتھ مسلسل صفائی و حفظانِ صحت اور ہنگامی طبی خدمات کی ہر وقت دستیابی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مسافر محفوظ بھی رہے اور اطمینان میں بھی۔

یہ چھوٹی چھوٹی تفصیلات مل کر ایسا سفر بناتی ہیں جو خوشگوار بھی ہو اور ہمیشہ یاد رہ جانے والا بھی۔

یہ سفر ہر مسافر کے لیے ایک منفرد تجربہ

مسافر کے اس تجربے کو جو چیز سب سے منفرد اور یادگار بناتی ہے، وہ اس پورے منصوبے کی وہی عدل پر مبنی روح ہے۔ یہ مسافر ٹرینیں کسی خاص طبقے کی جاگیر نہیں، بلکہ سب کے لیے یکساں دستیاب ہوں گی۔ یہ اس تاجر کے لیے بھی ہیں جو کسی اہم کاروباری نشست میں پہنچنے کی جلدی میں ہے، اور اس خاندان کے لیے بھی جو پہلی مرتبہ اپنے گاؤں کی حدود سے باہر قدم رکھ رہا ہے۔ اس منصوبے کا حتمی مقصد محض لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا نہیں، بلکہ اس نئی دنیا کا دروازہ ہر اس انسان کے لیے کھولنا ہے جو کل تک اس سے محروم تھا۔ مقصد انہیں ان تمام سہولتوں اور امکانات سے روشناس کرانا ہے جو انسانی تہذیب نے تخلیق کیے ہیں۔ ان سفروں میں مختلف طبقات کے لوگ ایک دوسرے کو دیکھیں اور ایک دوسرے کے وجود کو محسوس کریں۔ تاہم، یہ تمام سہولیات اسی وقت پائیدار رہ سکتی ہیں جب اس وسیع نیٹ ورک کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جائے۔ اتنے عظیم اور پیچیدہ نظام کو متحرک اور فعال کیسے رکھا جا سکتا ہے؟ یہی اس حصے کے آخری باب کا موضوع ہے۔

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیںسب سے پہلے اپنی رائے کا اظہار کیجیے